26نومبراحتجاج کیس،وارنٹس منسوخ،علیمہ خان نےدہشگردی دفعات چیلنج کردیں

26نومبراحتجاج کیس میں علیمہ خان گیارہویں  وارنٹ گرفتاری کے بعد انسدادِ دہشت گردی عدالت میں پیش،وارنٹس منسوخ کردیئےگئے۔کیس میں دہشت گردی دفعات بھی چیلنج کردی گئیں۔

عدالت پہنچنے پر مقدمے کے دیگر 10 ملزمان  اور پانچوں گواہ بھی عدالت میں موجود تھے۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج نے مقدمے کی سماعت شروع کی تو علیمہ خان نے مقدمے میں شامل دہشت گردی کی دفعہ 7 اے ٹی اے کو چیلنج کرتے ہوئے اسے غیر قانونی قرار دینے کی استدعا دائر کی۔

علیمہ خان نے اپنے خلاف جاری تمام وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے اور منجمد بینک اکاؤنٹس بحال کرنے کی درخواست بھی دی۔ عدالت نے 7 اے ٹی اے ختم کرنے کی درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے وکیلِ سرکار کو نوٹس جاری کر دیا اور 26 نومبر کو دلائل طلب کر لیے۔ عدالت نے پراپرٹی بحقِ سرکار ضبطی کا عمل بھی ختم کر دیا۔

علیمہ خان کی پیشی کے موقع پر ہنگامہ خیز سماعت ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی  اور اس دوران وکیل سرکار نے وارنٹ منسوخی اور بینک اکاؤنٹس بحالی کی سخت مخالفت کی، تاہم عدالت نے آئندہ تاریخ پر علیمہ خان کو حاضری لازمی کا حکم دیتے ہوئے جاری تمام وارنٹس ختم کر دیے اور آئندہ سماعت پر پانچوں  گواہان کو بھی طلب کر لیا۔

 

Back to top button