پاک بھارت جنگ میں گرائے گئے 4 رافیل طیاروں کے نمبرز سامنے آ گئے

برطانوی دفاعی جریدے نے مئی میں ہونے والی پاک بھارت فضائی جھڑپ کے دوران گرائے گئے بھارتی رافیل طیاروں کے سیریل نمبرز سامنے لے آئے ہیں۔
برطانوی دفاعی جریدے کی ایرو (Key_Aero) میگزین کی تحقیقی رپورٹ کے مطابق مئی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی 52 منٹ کی فضائی جنگ کے دوران بھارتی فضائیہ کے چار رافیل لڑاکا طیارے تباہ ہوئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تباہ ہونے والے رافیل طیاروں کے سیریل نمبرز BS-001، BS-021، BS-022 اور BS-027 تھے، تاہم بھارت ان طیاروں کے سیریل نمبرز کے ساتھ کوئی مستند یا واضح تصاویر پیش کرنے میں ناکام رہا۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کے ملٹی ڈومین آپریشنز نے بھارتی فضائیہ کو شدید نقصان پہنچایا۔ بھارتی فضائیہ کے مجموعی نقصانات میں چار رافیل طیارے، ایک مگ 29، ایک ایس یو 30 اور ایک ہیرون ڈرون شامل تھے۔
برطانوی جریدے نے مزید بتایا کہ 10 مئی کو جے ایف 17 سی بلاک 3 طیارے نے ادھم پور میں بھارتی دفاعی نظام ایس 400 کو نشانہ بنایا، جبکہ برنالا میں بھارتی کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کو بھی تباہ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق پاکستانی سائبر یونٹس نے بھارت کے تقریباً 96 فیصد سوشل نیٹ ورکس اور ڈیجیٹل نظام کو مفلوج کر دیا، اور یہ پہلا موقع تھا کہ کسی فضائیہ نے سائبر اور روایتی عسکری صلاحیتوں کو یکجا کر کے کارروائی کی۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان نے ایک انٹرویو میں بھارتی طیاروں کی تباہی کا اعتراف کیا تھا۔ اس سے قبل پاکستانی فضائیہ آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے دوران بھارتی مگ 21 بھی مار گرا چکی ہے۔
