خیبرپختونخوا میں مخصوص نشستوں کے ارکان کا حلف : اجلاس نہ بلانے پر الیکشن کمیشن کا وزیراعلیٰ کو خط

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو سیکرٹری الیکشن کمیشن نے خط لکھ کر آگاہ کیا ہے کہ سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی نے مخصوص نشستوں پر کامیاب ارکان کے حلف کےلیے اسمبلی اجلاس طلب نہیں کیا، لہٰذا اب گورنر یہ اجلاس اپنی صوابدید پر طلب کرسکتے ہیں۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن کے جانب سے لکھے گئے خط کے مطابق 2 جولائی 2025 کو خواتین اور غیر مسلموں کےلیے مخصوص نشستوں پر کامیاب امیدواروں کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا، تاہم تاحال ان ارکان نے حلف نہیں اٹھایا، جس کے باعث وہ نہ تو اسمبلی اجلاس میں شریک ہوسکتے ہیں اور نہ ہی ووٹنگ میں حصہ لےسکتے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے لکھاکہ سینیٹ انتخابات 21 جولائی کو ہونے جارہے ہیں، اس لیے سپیکر سے نومنتخب ارکان سے حلف لینے کی درخواست کی گئی تھی، لیکن انہوں نے یہ کہہ کر انکار کردیا کہ اسمبلی اجلاس جاری نہیں ہے اور وہ از خود اجلاس نہیں بلاسکتے۔

خط میں آئین کے آرٹیکل 109 کا حوالہ دیتے ہوئے کہاگیا ہے کہ گورنر صوبائی اسمبلی کا اجلاس اپنی صوابدید پر طلب کرنے کا اختیار رکھتے ہیں، جب کہ آرٹیکل 105 کے مطابق وہ یہ اختیار وزیر اعلیٰ یا کابینہ کی مشاورت سے استعمال کرتے ہیں۔

مزید یہ کہ خط میں پشاور ہائی کورٹ کے 27 مارچ 2024 کے فیصلے کا حوالہ بھی دیاگیا ہے، جس میں کہاگیا تھاکہ صوبائی حکومت کو اجلاس کے انعقاد کےلیے تمام ضروری اقدامات کرنے چاہییں۔

دوسری جانب گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہےکہ انہیں تاحال وزیر اعلیٰ کی جانب سے اجلاس بلانےکی کوئی ایڈوائس موصول نہیں ہوئی۔

گورنر نے کہا کہ مخصوص نشستوں پر کامیاب ارکان نے حلف اٹھانا ہے اور وہی سینیٹ انتخابات میں ووٹ ڈالیں گے،لہٰذا وزیر اعلیٰ جلد از جلد اجلاس بلانے کی ایڈوائس ارسال کریں تاکہ ان ارکان سے حلف لیا جاسکے۔

Back to top button