سپریم کورٹ میں سات ججز اور ہائی کورٹس کے قائم مقام چیف جسٹسز کی حلف برداری منسوخ

سپریم کورٹ کے سات نئے ججز اور ہائی کورٹس کے قائم مقام چیف جسٹسز کی آج ہونے والی تقریب حلف برداری منسوخ کردی گئی ہے۔
وفاقی وزارت قانون و انصاف نے سپریم کورٹ میں سات نئے ججز اور مختلف ہائی کورٹس کے قائم مقام چیف جسٹسز کی تقرری کے نوٹی فکیشن جاری کردیے ہیں۔تاہم نئی تعیناتیوں کی آج ہونے والی حلف برداری منسوخ کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ میں نئے ججز کی آج ہونےوالی تقریب حلف برداری منسوخ کردی گئی ہے،نئے ججز کی تقریب حلف برداری اب بروز جمعہ ہوگی۔
ذرائع کاکہنا ہےکہ حلف برداری کی تقریب ججز کے نوٹی فکیشن میں تاخیر کی وجہ سے ملتوی کی گئی،وزارت قانون کی جانب سے نئے ججز کے تقرر کا نوٹی فکیشن رات گئے جاری کیاگیا۔
جاری کردہ نوٹی فکیشن کےمطابق جسٹس سرفراز ڈوگر کو اسلام آباد ہائی کورٹ کا قائم مقام چیف جسٹس مقرر کردیا گیا ہے۔اسی طرح جسٹس ہاشم کاکڑ، جسٹس محمد شفیع صدیقی،جسٹس صلاح الدین پہنور،جسٹس شکیل احمد، جسٹس عامر فاروق اور جسٹس اشتیاق ابراہیم کی سپریم کورٹ میں تقرری کی منظوری دےدی گئی ہے۔
مزید برآں اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کو سپریم کورٹ میں قائم مقام جج کےطور پر تعینات کردیا گیا ہے۔
ہائی کورٹس کے قائم مقام چیف جسٹسز کی تقرری کےحوالے سے بھی نوٹی فکیشن جاری کیےگئے ہیں، جن کےمطابق جسٹس اعجاز سواتی کو بلوچستان ہائی کورٹ، جسٹس سردار سرفراز ڈوگر کو اسلام آباد ہائی کورٹ،جسٹس جنید غفار کو سندھ ہائی کورٹ اور جسٹس ایس ایم عتیق شاہ کو پشاور ہائی کورٹ کا قائم مقام چیف جسٹس مقرر کردیا گیا ہے۔
جسٹس سرفراز ڈوگر قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ تعینات
یہ تمام قائم مقام چیف جسٹسز مستقل چیف جسٹس کی تقرری تک اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
سپریم کورٹ کےسات نئے ججز سے آج صبح نو بجےچیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی حلف لیں گے۔
