تیل کی قیمتیں:متوسط طبقے کو ریلیف فراہمی کیلئے کوشاں ہیں، وزیر اعظم

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے کی تجاویز کو بارہا مسترد کیا گیا ہے اور حکومت کمزور اور متوسط طبقے کو مزید ریلیف فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت خلیجی بحران کے پیٹرولیم مصنوعات پر اثر، پاکستان میں موجودہ ذخائر اور عوامی ریلیف کے اقدامات ہر جائزہ اجلاس ہوا۔

اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ معاشی طور پر کمزور طبقے کو مشکل میں اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا اور بچت اقدامات سے حاصل شدہ رقم عوامی ریلیف کے لیے بروئے کار لائی گئی ہے۔ حکومت ڈیجیٹل نظام کے ذریعے یہ ریلیف عام آدمی تک پہنچانے پر زور دے رہی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ سرکاری اخراجات میں کمی اور ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی کی گئی ہے، جبکہ 60 فیصد سرکاری گاڑیوں کو فوری بند کرنے کا حکم بھی دیا گیا۔ موجودہ حالات میں قربانی کا سلسلہ حکومتی اخراجات میں کمی کے ذریعے شروع کیا گیا اور عالمی بحران کے باوجود ایندھن کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ وزیراعظم نے اس کے ساتھ پاکستان کی خطے میں امن کے لیے سفارتی کوششوں پر بھی زور دیا۔

عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتوں میں خطرناک حد تک اضافہ

اجلاس میں ایندھن بچت کے اقدامات، آئندہ تجاویز اور موجودہ اسٹاک پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ موٹر سائیکل اور رکشے رکھنے والوں کی رجسٹریشن جلد مکمل کی جائے گی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ ریلیف کے ممکنہ اقدامات کے لیے رابطے مربوط کیے جا رہے ہیں۔

وزیراعظم کی بچت اور سادگی مہم پر عملدرآمد کی نگرانی کے لیے انٹیلی جنس بیورو کی آڈٹ رپورٹ بھی پیش کی گئی، جس میں بتایا گیا کہ اقدامات کی مکمل عملداری یقینی بنائی جا رہی ہے۔ ملکی ضروریات کے لیے ایندھن کے مناسب ذخائر موجود ہیں اور آئندہ کے لیے بھی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

Back to top button