عمرایوب اورشبلی فرازنےاحتجاج نہ کرنےکی ڈیل کی ہے،فواد چودھری

سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے دعویٰ کیا ہے کہ عمر ایوب اور شبلی فراز نے 8 فروری کے انتخابات میں دھاندلی کے باوجود احتجاج نہ کرنے کی ڈیل کی۔
سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں فواد چوہدری نے کہاکہ 8 فروری 2024 کے انتخابات میں تحریک انصاف کی واضح برتری کے باوجود نتائج کو تبدیل کیا گیا۔
سابق وزیر نے کہاکہ دسمبر 2023 میں جب اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات ہوئی تو میں نے کہاکہ مجھے نہیں لگتا کہ انتخابات ہوں گے کیونکہ حکمران غیرمقبول ہیں۔
فواد چودھری کے مطابق عمران خان کا مؤقف تھا کہ انتخابات ہوں گے اور تحریک انصاف بھاری اکثریت سے جیتے گی۔
انہوں نے کہاکہ 8 فروری 2024 کے دن عمران خان کا تجزیہ درست ثابت ہوا اور عوام نے تمام ظلم و جبر اور دھاندلیوں کے باوجود تحریک انصاف کو عمران خان کے نام پر ووٹ دیا۔
فواد چودھری کے مطابق اسی ماہ انہیں عدالت کے حکم پر جیل میں ٹی وی فراہم کیا گیا، جس کے ذریعے وہ انتخابات کے نتائج دیکھ رہے تھے، لیکن رات کے وقت اچانک ٹی وی بند کر دیا گیا، جس سے وہ اور ان کا سنتری حیران رہ گئے۔
