عمر ایوب کاPTIسیاسی کمیٹی میں شمولیت سےانکار

پاکستان تحریکِ انصاف کے سینیئر رہنما عمر ایوب خان نے پارٹی کی نئی تشکیل شدہ سیاسی کمیٹی میں شامل ہونے سے انکار کرتے ہوئے باضابطہ طور پر استعفیٰ دے دیا ہے۔

عمر ایوب خان نےسیاسی کمیٹی کے سربراہ بیرسٹر سلمان اکرم راجا کو خط لکھ کر سیاسی کمیٹی میں شمولیت سے انکار کیا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں عمر ایوب خان نے واضح کیا کہ وہ اب نہ تو رکنِ پارلیمنٹ ہیں اور نہ ہی پی ٹی آئی کے کسی عہدے پر فائز ہیں، اس لیے ان کا سیاسی کمیٹی میں شامل ہونا پارٹی کے طے شدہ معیار کے خلاف ہے۔ انہوں نے یاددہانی کروائی کہ وہ پہلے اجلاس میں بھی اپنی معذوری کا اظہار کر چکے تھے۔

عمر ایوب خان نے کہا کہ ان کے خلاف متعدد فوجداری اور دیوانی مقدمات زیرِ سماعت ہیں، جس کے باعث وہ سیاسی کمیٹی کی ذمہ داریاں ادا کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ سیاسی کمیٹی کی رکنیت صرف موجودہ عہدہ داروں تک محدود ہونی چاہیے۔

عمر ایوب خان نے محمود خان اچکزئی کو قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف نامزد ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے سفارش کی کہ انہیں سیاسی کمیٹی میں شامل کیا جائے تاکہ وہ عمران خان کی ہدایات کے مطابق قومی اسمبلی کے اندر اور باہر پارٹی ایجنڈے کو مؤثر انداز میں آگے بڑھا سکیں۔

Back to top button