نااہلی کے خلاف عمر ایوب، شبلی فراز اور زرتاج گل نے پشاور ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا

الیکشن کمیشن کی جانب سے نااہل ہونے والے پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے نااہلی کے خلاف اور عبوری ضمانت کےلیے پشاور ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔

9 مئی کے مقدمات میں سزا یافتہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں عمر ایوب، شبلی فراز اور زرتاج گل نے پشاور ہائی کورٹ میں درخواستیں جمع کرادی ہیں۔

مرکزی رہنما پی ٹی آئی عمر ایوب نے نااہلی کے خلاف پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی،جس میں انہوں نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کیا ہے۔

دائر درخواست میں کہاگیا ہےکہ الیکشن کمیشن نے انہیں بطور رکن قومی اسمبلی ڈی نوٹیفائی کردیاہے،الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قراردیا جائے،الیکشن کمیشن نے درخواست گزار کو سنے بغیر فیصلہ جاری کیا،یہ فیصلہ غیر آئینی اور غیر قانونی ہے۔

رہنما پی ٹی آئی شبلی فراز نے بھی پشاور ہائی کورٹ میں حفاظتی ضمانت کےلیے درخواست دائر کردی ہے۔درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ شبلی فراز انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے فیصلے کےخلاف اپیل دائر کرنا چاہتے ہیں،درخواست گزار کو حفاظتی ضمانت دی جائے تاکہ وہ متعلقہ ہائی کورٹ سے رجوع کرسکے۔

سینئر پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل نے بھی پشاور ہائی کورٹ میں حفاظتی ضمانت درخواست دائر کردی ہے۔درخواست میں مؤقف اختیارگیا ہے کہ زرتاج گل کو فیصل آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 10 سال قید کی سزا سنائی ہے۔

دائر درخواست میں کہاگیا ہےکہ درخواست گزار زرتاج گل کی عدم موجودگی میں عدالت نے سزا سنائی،درخواست گزار لاہور ہائی کورٹ میں اپیل دائر کرنا چاہتی ہے،درخواست گزار کو حفاظتی ضمانت دی جائے تاکہ وہ اپیل دائر کر سکے۔

عدالتی سزا کے بعد الیکشن کمیشن نااہلی کا فیصلہ کر سکتا ہے: ذرائع الیکشن کمیشن

واضح رہے کہ 31 جولائی کو فیصل آباد میں انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے 3 مقدمات کا فیصلہ سناتےہوئے عمر ایوب،شبلی فراز اور زرتاج گل وزیر سمیت پی ٹی آئی کے 196 رہنماؤں اور کارکنوں کو 10 سال تک قید کی سزائیں سنا دی تھیں۔

بعد ازاں الیکشن کمیشن نے سینیٹ اور قومی اسمبلی کے 9 ارکان کو نااہل قراردیا تھا،تمام ارکان قومی اسمبلی و سینٹ کی نشستیں خالی قرار دےدی گئی تھیں۔

Back to top button