حیدرآباد سے واپسی پرراستہ روکا گیا، جان بوجھ کرویران راستوں پر ڈالا گیا: سہیل آفریدی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے الزام لگایا ہے کہ حیدر آباد سے کراچی واپسی کے دوران ان کے قافلے کے راستے میں مختلف مقامات پر رکاوٹیں کھڑی کی گئیں، جس کے باعث انہیں کراچی پہنچنے میں ساڑھے سات گھنٹے لگے۔

کراچی پہنچنے کے بعد جاری کیے گئے ویڈیو پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ حیدر آباد سے کراچی واپسی پر جان بوجھ کر ان کا راستہ روکا گیا اور انہیں ویران اور غیر معمولی راستوں کی طرف موڑ دیا گیا۔

سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ مجبوری کے تحت انہیں سنسان راستوں سے گزر کر کراچی آنا پڑا، تاہم وہ بحفاظت کراچی پہنچ چکے ہیں اور جلسہ ہر صورت منعقد ہوگا۔

واضح رہے کہ کراچی کے ڈپٹی کمشنر ایسٹ نے پاکستان تحریک انصاف کو آج باغ جناح میں جلسے کی اجازت دے دی ہے، اس کے باوجود پی ٹی آئی نے مزار قائد کے گیٹ پر جلسہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

Back to top button