گلگت بلتستان میں زلزلے سے1شخص جاں بحق،وادی چپورسن میں 40 مکانات تباہ

گلگت بلتستان اور گرد و نواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.9 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کا مرکز کریم آباد سے تقریباً 49 کلومیٹر کے فاصلے پر تھا۔

زلزلے کے باعث سب سے افسوسناک واقعہ اشکومن میں بدصوات جھیل کے قریب پیش آیا جہاں پہاڑ سے گرنے والے پتھروں کی زد میں آکر ایک موٹر سائیکل سوار موقعے پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوا جسے امیت ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

دریں اثنا وادی چپورسن (ہنزہ) میں بھی زلزلے نے شدید تباہی مچائی ہے جہاں املاک اور بنیادی ڈھانچے کو سخت نقصان پہنچا ہے۔

زودخون گاؤں میں بھائی بہن زخمی ہوئے ہیں۔ طبی ذرائع کے مطابق بچوں کے سروں پر چوٹیں آئی ہیں جس کے باعث انہیں سی ٹی اسکین کے لیے ریفر کیا گیا ہے جبکہ 40 سے زائد مکانات تباہ ہوچکے ہیں۔

متاثرین منفی 20 ڈگری میں کھلے آسمان تلے بے بسی کے عالم میں ہیں اور سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے انہیں علی آباد یا گلگت منتقل کرنے میں بھی شدید دشواری کا سامنا ہے۔

مقامی آبادی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ زخمی بچوں کی جان بچانے کے لیے فوری طور پر ہیلی کاپٹر سروس فراہم کی جائے۔

 

Back to top button