آپریشن غضب للحق:افغانستان میں ہلاکتوں کی تعداد583تک پہنچ گئی

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے آپریشن ’غضب للحق‘ سے متعلق تازہ صورتحال جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب تک 583 افغان طالبان ہلاک جبکہ 795 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں عطااللہ تارڑ نے کہا کہ افغان طالبان کی 242 چیک پوسٹیں تباہ اور 38 چیک پوسٹوں پر قبضہ کرکے انہیں بھی تباہ کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کارروائیوں میں 213 ٹینک، بکتر بند گاڑیاں اور توپیں تباہ کی گئیں جبکہ افغانستان میں 64 مختلف مقامات کو فضائی حملوں میں مؤثر طور پر نشانہ بنایا گیا۔

واضح رہے کہ پاک فوج نے افغان سرحد کے چمن سیکٹر میں فتنہ الخوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج سرحدی باڑ کی حفاظت اور دراندازی روکنے کے لیے مسلسل کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک افغان بارڈر پر چمن سیکٹر سے ملحقہ سرحدی علاقے میں 3 سے 4 خوارج پر مشتمل گروہ کی دراندازی کی کوشش کو پاک فوج نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنایا۔ باڑ کاٹنے کی کوشش کرنے والے خوارج کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔

ذرائع کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک خارجی دہشتگرد ہلاک جبکہ دیگر زخمی حالت میں فرار ہو گئے۔ کارروائی کے بعد دہشتگردوں سے 4 سے 5 تیار شدہ آئی ای ڈیز اور باڑ کاٹنے کا سامان بھی برآمد ہوا۔

 

Back to top button