آپریشن غضب للحق دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خاتمے کےلیے ہے :رانا ثنا اللہ

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے واضح کیا ہے کہ پاکستان نہ تو افغانستان پر جنگ مسلط کرنا چاہتا ہے اور نہ ہی کسی علاقے پر قبضہ چاہتا ہے۔ آپریشن غضب للحق دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خاتمے کےلیے ہے اور یہ مسلسل نگرانی کے تحت جاری رہے گا تاکہ دوبارہ ایسی کسی پناہ گاہ کی نشوونما نہ ہو۔
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرکزی رہنما مسلم لیگ ن سینیٹر رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اندرونی و بیرونی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے،سیاسی اور عسکری قیادت چیلنجز کو نمٹنے کےلیے سرخرو ہو رہی ہے۔
سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ افغانستان کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف اقوام متحدہ کے چارٹرڈ کے مطابق ہے،پاکستان نہ تو جنگ مسلط کرنا چاہتا ہے اور نہ افغانستان کے کسی حصے پر قبضہ چاہتا ہے،پاکستان کا ایک ہی مطالبہ ہے افغانستان اپنی زمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کےلیے استعمال نہ ہونے دے،افغانستان یقین دہانی کروادے تو ہمارا کوئی جھگڑا نہیں۔
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور نے کہا کہ آپریشن غضب اللحق پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کمین گاہوں اور ٹھکانوں کے خاتمے کےلیے ہے،ایک مرتبہ صفایا کردیا ہے،اگر ایسے ٹھکانے استعمال ہوئے تو اس پر نظر رکھی جائےگی۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کو اس وقت تاریخ میں عالمی طور پر اہمیت حاصل ہے،پاکستان نے ایران پر جارحیت کی واضح انداز میں مذمت کی،پاکستان نے ایران کی طرف سے مسلم ممالک پر حملوں کی بھی مذمت کی،دنیا کے کسی اسلامی ملک میں اس طرح رد عمل نہیں آیا۔
رانا ثناء اللہ نےکہا کہ پاکستان کو ایران،سعودی عرب اور عرب امارات کا اعتماد حاصل ہے،سعودی عرب کے ساتھ معاہدے کے پابند ہیں لیکن ضروری نہیں ہم نے کسی پر حملہ کرنا ہے،پاکستان ایران اور سعودی عرب کے مابین افہام و تفہیم سے معاملےکو لےکر چل رہا ہے۔
مرکزی رہنما مسلم لیگ ن نے کہاکہ پی ٹی آئی والوں کےخلاف مقدمات ہم نے تو نہیں بنائے،عدالتوں نے فیصلے کیے اور سزائیں دیں،کسی بے گناہ کو سزا نہیں ہوئی، ملک کے دفاع کے ضامن ادارےکے خلاف 9 مئی کو سازش ہوئی، عمران خان کے خلاف توشہ خانہ اور دیگر کیسز واضح ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ڈیل کےلیے تیار ہیں لیکن سیاسی عمل چلانے کےلیے تیار نہیں ہیں،ڈیل کی کوئی گنجائش نہیں ہے کہ ان کو دوبارہ موقع دیا جائے،پی ٹی آئی کے لوگوں کو بار بار کہہ رہے ہیں سیاسی ڈائیلاگ کا حصہ بنیں،ایک دفعہ ان کو موقع مل گیا، اب ڈیل کسی صورت نہیں ہوسکے گی۔
کفایت شعاری مہم سے متعلق سوال کے جواب میں سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ قوم کا ہرفرد پیٹرول اور گیس کا استعمال آدھا کردے، قوم 50 فیصد استعمال کم نہیں کرتی تو عالمی سطح پر قیمتیں بڑھنےکے اثرات آئیں گے۔
