آپریشن غضب للحق: اب تک 663 خوارج کو ہلاک کردیا گیا، وزیر اطلاعات

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے افغانستان میں جاری آپریشن غضب للحق سے متعلق مزید کے اعداد و شمار جاری کردیے جس کےمطابق افغانستان میں اب تک افغان طالبان رجیم کے 663 اہلکار ہلاک کیے جاچکے ہیں اور 887 زخمی ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے بتایا کہ آپریشن غضب للحق میں اب تک 249 چیک پوسٹیں تباہ، 44 چیک پوسٹیں قبضے میں لےکر تباہ کردی گئیں جب کہ 224 ٹینک، بکتر بند گاڑیاں اور توپ خانے تباہ بھی کیے جاچکے ہیں۔
وفاقی وزیر عطا تارڑ نے بتایاکہ افغانستان میں دہشت گردوں اور ان کے معاون ڈھانچے کے 70 مقامات کو فضائی کاروائیوں میں نشانہ بنایا گیا، 12 اور13 مارچ کی درمیانی شب پاکستان نے افغانستان میں دہشت گردوں کی تنصیبات کو نشانہ بنایا،کابل،پکتیا اور قندھار میں دہشت گردوں اور ان کی لاجسٹک بیسز،تربیتی کیمپوں کو نشانہ بنایاگیا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ آپریشن غضب للحق میں کسی بھی شہری آبادی یا سول انفراسٹرکچر کو نشانہ نہیں بنایاگیا،افغان عبوری حکومت کے بعض عہدیداروں اور میڈیا کی جانب سے غلط پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔
