باجوڑ میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن : 2 خودکش بمباروں سمیت 9 خوارجی ہلاک

خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتےہوئے دو خود کش بمباروں سمیت 9 خارجیوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کےمطابق سکیورٹی فورسز نے باجوڑ میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر آپریشن کیاجہاں فورسز کو گزشتہ روز خارجیوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔
آپریشن 23 اور 24 اکتوبر کی درمیانی شب خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیاگیا جس میں شدید فائرنگ کےتبادلے میں 9 خوارج ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کےمطابق کارروائی کے دوران دو خودکش بمباروں کےساتھ ساتھ ایک ہائی ویلیو ٹارگٹ خارجی رنگ لیڈر سید محمد عرف قریشی استاد کو جہنم واصل کردیا گیا۔
اس حوالے سےبتایا گیا کہ ہلاک ہونےوالے خوارج کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کرلیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کےمطابق خوارج سکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کےخلاف متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔
بیان میں کہاگیا کہ علاقے میں پائے جانے والے مزید کسی خارجی کے خاتمے کےلیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور پاک فوج اور سکیورٹی فورسز ملک دہشت گردی کے خاتمے کےلیے پرعزم ہیں۔
چیئرمین ایف بی آر کا ملک بھر میں 50 فیصد غیر قانونی سگریٹ کی فروخت کا انکشاف
واضح رہےکہ پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان گزشتہ کچھ عرصے سے دہشت گردی کے مسائل سےدوچار ہیں اور سکیورٹی فورسز مسلسل دہشت گردوں کےخلاف کارروائیوں میں مصروف عمل ہیں۔
اس سےقبل رواں ماہ 5 اکتوبر کو خیبرپختونخوا کے ضلع سوات کے علاقے چارباغ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نےخفیہ اطلاع پر مشترکہ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں خارجی دہشت گرد سرغنہ عطا اللہ عرف مہران سمیت 2 خوارج کو ہلاک کردیا تھا۔
اسی دن شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کےدرمیان شدید فائرنگ کےتبادلے میں لیفٹننٹ کرنل اور 5 سپاہی شہید ہوگئے تھے جبکہ فورسز نے 6 خوارج کو ہلاک کردیا تھا۔
