“آپریشن وعدہ صادق 4” : ایران نے اسرائیل اور امریکا پر بیلسٹک میزائلوں داغ دیئے

ایرانی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اسرائیلی اور امریکی اہداف کے خلاف میزائل حملوں کا نیا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق یہ کارروائی “آپریشن وعدہ صادق 4” کے تحت کی گئی ہے۔
آئی آر جی سی کے مطابق یہ حملوں کی 57ویں لہر ہے، جس میں مختلف اقسام کے بیلسٹک میزائل استعمال کیے گئے۔ بیان میں کہا گیا کہ اس کارروائی کو “یا سید الساجدین علیہ السلام” کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ حملوں میں اسرائیل کے زیرِ کنٹرول علاقوں میں اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جن میں کمانڈ اینڈ کنٹرول مراکز، میزائل دفاعی نظام اور مواصلاتی ڈھانچے شامل ہیں۔ ان حملوں میں خیبر شکن، عماد اور قدر جیسے میزائل استعمال کیے گئے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ العدید ایئر بیس کو بھی نشانہ بنایا گیا، جہاں امریکی فوجی موجود ہیں۔ اس حملے میں ذوالفقار اور قیام درمیانی فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کے ساتھ ڈرونز بھی استعمال کیے گئے۔
تاہم ان حملوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی یا مالی نقصان کے حوالے سے ابھی تک کسی آزاد ذریعے سے تصدیق نہیں ہو سکی، جبکہ متاثرہ ممالک کی جانب سے فوری ردِعمل بھی سامنے نہیں آیا۔
