سکیورٹی فورسز کے خیبرپختونخوا میں 2 مختلف آپریشنز میں 15 خوارج ہلاک

سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں 2 مختلف آپریشنز میں 15 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹننٹ محمد حسن اشرف سمیت 4 جوان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر  )کے مطابق فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے ہتھالہ میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا،جس کے دوران خوارج کے ٹھکانےکو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا اور 9 خوارج کو جہنم واصل کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کےمطابق آپریشن کےدوران ہلاک ہونےوالوں میں خارجی گروہ کا سرغنہ فرمان عرف ثاقب،امان اللّٰہ عرف توری،سعید عرف لیاقت اور بلال شامل ہے۔

ہلاک خوارج علاقےمیں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث اور قانون نافذ کرنےوالے اداروں کو انتہائی مطلوب تھے۔

سکیورٹی فورسز کی جانب سےدوسرا آپریشن شمالی وزیرستان میں کیاگیا،جہاں 6 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کیاگیا۔

آئی ایس پی آر کےمطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کےدوران 4 جوان شہید ہوئے، آپریشن میں لیفٹیننٹ محمد حسن اشرف نےجام شہادت نوش کیا،وہ آپریشن کی قیادت کر رہے تھے۔

شہداء میں نائب صوبیدار محمد بلال،سپاہی فرحت اللّٰہ اور سپاہی ہمت خان شامل ہیں۔

 آئی ایس پی آر کےمطابق علاقے میں خارجیوں کےخاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن کیےجا رہے ہیں، سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پر عزم ہیں،ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارےعزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

افغانستان کے ساتھ حکومتی سطح پر مذاکرات جلد شروع کیے جائیں، پشاور اجلاس میں فیصلہ

خیال رہےکہ دو روز قبل سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کےعلاقوں میں 5 مختلف کارروائیوں کےدوران 13 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کیاتھا۔

سکیورٹی فورسز کی جانب سے ڈیرہ اسمٰعیل خان،وزیرستان،لکی مروت اور خیبر کے علاقوں میں آپریشن کیےگئے،دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کارروائیاں کی گئی تھیں۔

Back to top button