افغان طالبان کےسہولت کاری ترک کرنے تک آپریشن ختم نہیں ہونگے،سینئرسکیورٹی عہدیدار

سینیئر سکیورٹی عہدیدار نے آپریشن غضبُ للحق کے حوالے سے کہا ہے کہ افغان طالبان حکومت کے فتنہ خوارج اور فتنہ الہندوستان کی سہولت کاری ترک کرنے تک آپریشن ختم نہیں ہوں گے۔
سینیئر سکیورٹی عہدیدار نے آپریشن غضبُ للحق کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ افغان طالبان کو فیصلہ کرنا ہوگا پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں یا سرگرم دہشت گرد گروہوں کے ساتھ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آپریشنز کا دورانیہ افغان طالبان حکومت کے زمینی اقدامات پر منحصر ہوگا، افغان طالبان حکومت کے فتنہ خوارج اور فتنہ الہندوستان کی سہولت کاری ترک کرنے تک آپریشن ختم نہیں ہونگے۔
ان کا کہنا تھاکہ افغان طالبان حکومت متعدد دہشت گرد گروہوں کی سرپرستی کر رہی ہے، افغان طالبان حکومت کو پاکستان کو قابلِ تصدیق یقین دہانی فراہم کرنا ہوگی، ہم کسی جلد بازی میں نہیں ہیں، پاکستان دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں اور اُن کے سہولت کاروں کو نشانہ بنا رہا ہے اور یہ وہ جائز اہداف ہیں جو سیلف ڈیفنس کے زمرے میں آتے ہیں۔
سینیئر سکیورٹی عہدیدار کے مطابق افغان طالبان حکومت اور اُن کے بھارتی سرپرست من گھڑت پروپیگنڈا اور جھوٹی معلومات پھیلا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا افغان عوام سے کوئی اختلاف نہیں، ہماری کارروائیاں صرف اُن خوارجی عناصر اور اُن کے حامیوں کے خلاف ہیں، یہ خوارجی عناصر پاکستان کے اندر دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث یا معاون ہیں، پاکستان افغانستان میں اندھا دھند اہداف کو نشانہ نہیں بنا رہا، دہشت گردوں کے لیے استعمال مخصوص انفراسٹرکچر اور تنصیبات کو ٹارگٹ کررہےہیں۔
سینیئر سکیورٹی عہدیدار کا کہنا تھاکہ اب تک 180 سے زائد چوکیوں کو تباہ کیا جا چکا ہے، 30 سے زائد اہم مقامات کا کنٹرول حاصل کیا گیا ہے، یہ وہی مقامات ہیں جن کا دہشت گرد لانچ پیڈ کے طور پر استعمال کر رہے تھے، پاکستان آپریشن غضبُ للحق کے خاتمے کے معاملے میں کسی جلد بازی کا مظاہرہ نہیں کرے گا، دہشت گردوں کے سہولت کاروں اور معاونین کو اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔
