قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تقرری کا معاملہ، عامر ڈوگر اور سپیکر کی اہم ملاقات

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے تقرر سے متعلق معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کے چیف وہپ اور سپیکر قومی اسمبلی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ہے۔

پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامر ڈوگر نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی، جس میں اپوزیشن لیڈر کی تقرری کے عمل اور اس سے جڑے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران عامر ڈوگر نے عمر ایوب کی جانب سے پشاور ہائی کورٹ میں دائر درخواست کے خارج ہونے کی مصدقہ کاپی سپیکر قومی اسمبلی کو فراہم کی۔ اس موقع پر انہوں نے اسپیکر سے اپوزیشن لیڈر کی جلد تقرری کی درخواست بھی کی۔

عامر ڈوگر نے مؤقف اختیار کیا کہ پاکستان تحریک انصاف نے اپوزیشن لیڈر کی نشست سے متعلق دائر تمام مقدمات واپس لے لیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قانونی معاملات کے حل کے بعد اب اپوزیشن لیڈر کی تقرری میں کوئی رکاوٹ باقی نہیں رہی۔

واضح رہے کہ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اس سے قبل بھی اس معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کو چار خطوط ارسال کر چکے ہیں، جن میں اپوزیشن لیڈر کی تقرری سے متعلق وضاحت طلب کی گئی تھی۔

Back to top button