سنگترہ کینسر سمیت کئی بیماریوں سے بچانے میں فائدہ مند قرار

طبی ماہرین کاکہنا ہے کہ روزانہ ایک سنگترہ کھانا ناصرف جسم کو ضروری غذائیت فراہم کرتا ہے بلکہ بعض اقسام کے کینسر سے بچاؤ میں بھی اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
آسٹریلیا میں کی گئی ایک تازہ تحقیق میں بتایا گیا کہ روزانہ ایک سنگترہ کھانے سے منہ، گلے اور معدے کے کینسر کے خطرات کم ہو سکتے ہیں۔
تحقیق کے مطابق روزانہ ترش پھل کھانے اور اس کے ساتھ پانچ اقسام کی سبزیاں اور پھل استعمال کرنے سے ہارٹ اٹیک کا خطرہ 19 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔
تحقیق میں دنیا کے مختلف حصوں سے 48 کیسز کا جائزہ لیا گیا، جس میں یہ بھی سامنے آیا کہ ترش پھل شریانوں کی بیماری، موٹاپے اور ذیابیطس کے علاج میں بھی فائدہ مند ثابت ہو سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق تمام ترش پھلوں میں سنگترے میں اینٹی آکسیڈنٹس کی مقدار سب سے زیادہ پائی گئی ہے۔
