پی آئی اےکی پیرس کی پروازوں کے اشتہار کی تحقیقات کا حکم

وزیراعظم شہباز شریف نے قومی ائیرلائن پی آئی اےکی پیرس کی پروازوں کے آغاز کے اشتہار کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
یہ بات نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے سینیٹ اجلاس میں بتائی۔
سینیٹ کے اجلاس میں قومی ائیرلائن کی نجکاری کے تناظر میں توجہ دلاؤ نوٹس پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر شیری رحمان کا کہنا تھا کہ بتایا جائے، قومی ائیر لائن کی نجکاری کا منصوبہ کیا ختم کردیا گیا یا آگے جارہا ہے؟ قومی ائیر لائن کے اس وقت34 میں سے19 جہاز ہوا میں ہیں، باقی سب گراؤنڈ ہیں۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ قومی ائیرلائن کی پیرس واپسی کے اشتہار سے جگ ہنسائی ہوئی،کون سی اشتہاری ایجنسی ہے؟ کس اہلکار نے یہ اشتہار ڈالا ہے؟
سینیٹر اسحاق ڈار نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پی آئی اےکی پیرس کی پروازوں کے آغاز کے اشتہار کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ ایفل ٹاور کے قریب قومی ائیرلائن کے جہاز کے ساتھ "وی آر کمنگ” کا غلط تاثرگیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ سابق وزیرسرورخان کے ایک بیان سے یورپ، یوکے اور امریکا نے ہمارے جہازوں پرپابندی لگائی، خود کہا گیا ہمارے پائلٹ جعلی ہیں، اس معاملے پرپی ڈی ایم حکومت نےایک کمیٹی بنائی، ن لیگ کی دوبارہ حکومت میں اس کمیٹی پر دوبارہ کام ہوا، میں نے یوکے میں ان کے فارن سیکرٹری سے اس پر بات کی، اب یورپی یونین نے قومی ائیرلائن پر پابندی ختم کردی ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ قومی ائیرلائن کے 22 جہاز آپریشنل ہیں،11 انڈر ریپیئر ہیں، قومی ائیر لائن کی نجکاری ہوگی، بہتر ہے پاکستان کا کارپوریٹ سیکٹر اس کو لے، نجکاری پر تیزی سے کام ہو رہا ہے۔
نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یوکے سےقومی ائیر لائن کی پرواز کی بحالی کی کوشش کر رہے ہیں،ان کی ٹیم جنوری کےآخرتک آئےگی، امید ہےکہ مارچ اپریل میں یوکےکے لیےپروازبحال ہوجائےگی، ہم سفارتی سطح پر بھی کام کر رہے ہیں، سابق وزیرکے بیان سے87 ارب روپےکا سالانہ نقصان ہوا، کابینہ میں آج کہا ہے کہ قومی ائیرلائن سے متعلق بیان کے معاملے پرانکوائری ہونی چاہیے، اس بیان سے پاکستانی پائلٹس کو بھی نقصان ہوا۔
