بغیراجازت دوسری شادی کرنےپرپہلی بیوی کو10لاکھ حق مہراداکرنےکاحکم

لاہورہائیکورٹ نے بغیر اجازت شادی کرنے والے شوہر کو پہلی بیوی کو 10 لاکھ روپے حق مہر ادا کرنے کا حکم دے دیا۔

ہائیکورٹ نے بیوی سے اجازت کے بغیر ایک اور شادی کرنے کے معاملے پر بڑا فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا ہے کہ شوہر پہلی بیوی کو مہر کی رقم فوری ادا کرنے کا پابند ہے۔

عدالت نے شوہر کو طلاق کے موثر ہونے تک پہلی بیوی کو ماہانہ 15 ہزار روپے خرچ اور سامان جہیز کی ویلیو کے مطابق رقم ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔

عدالت نے درخواست گزار بیوی کی حق مہر، خرچ اور سامان جہیز کی ویلیو کے مطابق رقم دینے کی درخواست منظور کر لی اور قرار دیا کہ یہ قانونی شق بیویوں کے مالی حقوق کے تحفظ اور من مانی شادیوں کو روکنے کے لیے ہے۔ عدالت نے ٹرائل کورٹ کے فیصلے میں ترمیم کر دی۔

فیصلہ جسٹس عابد حسین چٹھہ نے مہناز سلیم کی درخواست پر 8 صفحات پر مشتمل تحریری حکم میں جاری کیا۔ درخواست گزار نے شوہر سے سامان جہیز اور نان نفقہ کے حصول کے لیے فیملی کورٹ میں دعویٰ دائر کیا تھا۔ کیس میں 3 نکات حق مہر کی رقم، خرچہ اور سامان جہیز کی واپسی سے متعلق تنازع پر مبنی تھے۔

واضح رہے کہ فیملی کورٹ نے 2024ء  میں شوہر کو عدت کے دوران 15 ہزار روپے ماہانہ خرچ اور حق مہر کی 10 لاکھ روپے رقم 45 ہزار ماہانہ اقساط میں ادا کرنے کا حکم دیا تھا جب کہ سامان جہیز کی ویلیو کے مطابق 10 لاکھ 500 روپے ادا کرنے کی بھی ہدایت کی تھی۔

 

Back to top button