ڈی چوک احتجاج : اعظم سواتی کی جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقلی کا حکم
اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ڈی چوک پر احتجاج سے متعلق 2 مقدمات میں رہنما پی ٹی آئی اعظم سواتی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے استفسار کیاکہ اعظم سواتی کا مزید جسمانی ریمانڈ کیوں چاہیے؟ کوئی ثبوت دیں، جس پر پراسکیوٹر راجا نوید کا کہناتھا کہ اعظم سواتی سے تفتیش کےلیے مزید 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیاجائے۔
عدالت نے پراسکیوٹر سے استفسار کیاکہ اعظم سواتی سے کیا اسلحہ برآمد ہوا ہے؟ کچھ تو بتائیں؟ جس پر پراسکیوٹر راجا نوید کاکہنا تھا کہ اعظم سواتی نے کارکنان کو اکسایاہے۔
جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے ریمارکس دیےکہ ثبوت جسمانی ریمانڈ کےلیے ناکافی ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی اعظم سواتی روسٹرم پر آگئے،انہوں نے مؤقف اپنایاکہ مجھ پر مزید مقدمات بھی ہیں جو چھپائے کیوں جارہے ہیں؟ جس پر جج نے ان سے مکالمہ کیا کہ رب پر یقین رکھیں،سب ٹھیک ہو جائے گا۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے اعظم سواتی کو 2 مقدمات میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
یادرہے کہ 4 اکتوبر کو اسلام آباد میں احتجاج عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان، عظمی خان،رہنما اعظم سواتی کئی کارکنان کو گرفتار کیاگیا تھا۔
7 اکتوبو کر انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کو 3 دن کےجسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا تھا۔
پی ٹی آئی کےاحتجاج اور تشدد سے متعلق اسلام آباد کےمختلف تھانوں میں 13 مقدمات درج ہیں،جن میں سیکرٹریٹ، سی ٹی ڈی،رمنا،سنگجانی،گولڑہ،کراچی کمپنی، ترنول،سنبل،نون،انڈسٹریل ایریا،کوہسار اور آبپارہ تھانے شامل ہیں۔
حسن ابدال کےتازہ مقدمے میں عمران خان،عظمیٰ خان،علیمہ خان،علی امین گنڈاپور،عمر ایوب، شیخ وقاص اکرم،شوکت بسرا،زین قریشی،نعیم حیدر، اعظم سواتی،بیرسٹر سلمان اکرم راجا،ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی صغریٰ بی بی، صوبائی وزیر عاقب خان،سابق وزیر زادہ، 11 ارکان صوبائی اسمبلی کے علاوہ 3 ہزار سے زائد کارکنان کے نام شامل ہیں۔
ایف آئی آر میں یہ الزام بھی لگایاگیا کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں عمر ایوب اور بیرسٹر محمد سیف نےاپنی اشتعال انگیز تقاریر سے مظاہرین کو اکسایا،اعظم سواتی نے فنڈنگ فراہم کی اور وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے وفاقی دارالحکومت پر مارچ کےلیے اپنے صوبے کے عوامی وسائل فراہم کیے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کا خیبرپختونخوا ہاؤس ڈی سیل کرنے کا حکم