ہماری تحریک شروع ہوچکی، عمران خان کے بیٹے بھی شامل ہوں گے : رؤف حسن

رہنما پی ٹی آئی رؤف حسن کا کہنا ہے کہ ہماری تحریک شروع ہوچکی ہے، عمران خان نے واضح کیاہے کہ 5 اگست کو تحریک اپنے عروج پر پہنچے گی۔ ہم ہر قدم ان کی رہنمائی میں اٹھائیں گے۔ عمران خان کے بیٹے پاکستان آ رہے ہیں اور تحریک کا حصہ بنیں گے۔
مرکزی رہنما پی ٹی آئی رؤف حسن نے کہا ہے کہ تحریک عمران خان کی ہدایات کے مطابق ہی چلائی جائے گی اور ان کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ 5 اگست کو تحریک اپنے عروج پر پہنچے گی۔
رؤف حسن نے کہا کہ ہم ہر قدم عمران خان کی رہنمائی میں اٹھائیں گے۔ تحریک کو آگے بڑھانے کا اختیار کسی اور کے پاس نہیں ہے۔ انہوں نےکہا کہ عمران خان کے بیٹے پاکستان واپس آ رہے ہیں اور تحریک کا حصہ بنیں گے۔
انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور سے میری کوئی بات نہیں ہوئی، لاہور میں پارلیمنٹرینز کا ایک ایونٹ تھا،میری رائے میں چیف آرگنائزر کو اس میں شامل کیا جانا چاہیے تھا۔عالیہ حمزہ کے پاس ایگزیکٹو اختیارات موجود ہیں۔
رؤف حسن کا کہنا تھا کہ وہ مذاکرات کے بڑے حامی ہیں اور اگر سنجیدہ مذاکرات ہوں تو ہر چیز میں تبدیلی ممکن ہے۔ سیاست میں بات چیت سے ہی مسائل کا حل نکلتا ہے اور مذاکرات ہمیشہ ان ہی سے ہونےچاہئیں جن کے پاس حقیقی طاقت ہو۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ ہماری تحریک شروع ہوچکی ہے۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں تبدیلی اندر سے آنی چاہیے، لیکن ہماری جماعت کے اندر سے تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے۔ اگر اپوزیشن کے پاس اکثریت ہے تو وہ عدم اعتماد کی تحریک لے آئے۔
خیبرپختونخوا،سینیٹ انتخابات،اپوزیشن کےمشترکہ امیدوارلانے کیلئے رابطے
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پارٹی کا کوئی رکن نہیں ٹوٹےگا۔ 26 ویں آئینی ترمیم میں ووٹ دینے والوں کو سزا دینے میں تاخیر ہوئی، جب کہ پانچ ایم این ایز کو نکالنے میں اتنی تاخیر نہیں ہونی چاہیے تھی۔
