کانگو میں کان بیٹھنے سے 200 سے زائد افراد ہلاک

وسطی افریقہ کے ملک کانگو میں کالٹن دھات کی ایک کان کے منہدم ہونے سے 200 سے زائد افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ بدھ کے روز مشرقی کانگو کے علاقے ربایا میں پیش آیا، جو ایک باغی گروہ کے زیرِ اثر صوبے میں واقع ہے۔ حکام کے مطابق کان کے بیٹھنے کے بعد جمعے تک ہلاکتوں کی حتمی تعداد معلوم نہیں ہو سکی۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کان اچانک زمین میں دھنس گئی، جس کے نتیجے میں متعدد مزدور ملبے تلے دب گئے۔ جاں بحق افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جبکہ کم از کم 20 افراد شدید زخمی ہوئے جنہیں قریبی اسپتالوں میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

ربایا کے مقامی حکام کا کہنا ہے کہ بارشوں کے موسم کے باعث زمین غیر معمولی طور پر نرم ہو چکی تھی، جس کی وجہ سے کان کی ساخت کمزور ہوئی اور حادثہ پیش آیا۔

واضح رہے کہ ربایا عالمی سطح پر کالٹن کی پیداوار کا تقریباً 15 فیصد فراہم کرتا ہے۔ کالٹن سے ٹینٹالم دھات حاصل کی جاتی ہے جو موبائل فونز، کمپیوٹرز، ایرو اسپیس ٹیکنالوجی اور ٹربائنز کی تیاری میں بڑے پیمانے پر استعمال ہوتی ہے۔

Back to top button