پاک افغان مذاکرات ڈیڈ لاک کے باعث ختم ہوگئے : خواجہ آصف

 

 

 

وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے پاکستان اور افغانستان کے مابین ہونے والے مذاکرات ختم ہوگئے اب پاک افغان مذاکرات میں مکمل ڈیڈ لاک ہے اور ثالثوں نے بھی ہاتھ اٹھادیے۔

وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اب ثالثوں نے بھی ہاتھ اٹھا دیے ہیں ورنہ اگر وہ روکنا چاہتے تو ہمارا وفد استنبول میں رک جاتا۔اب پاک افغان مذاکرات میں مکمل ڈیڈ لاک ہے اور بات چیت کے اگلے دور کا بھی کوئی پروگرام نہیں ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ طالبان پاکستان کے مؤقف سے متفق تو تھے لیکن وہ کچھ لکھ کردینے پر راضی نہیں تھے۔گو دونوں ممالک کے مابین جنگ بندی ابھی باقی ہے لیکن اگر وہاں سے حملہ ہوتا ہے تو پھر وہ برقرار نہیں رہے گا۔جب تک وہاں سے حملہ نہیں ہوتا تب تک تو جنگ بندی برقرار ہے۔

وزیر دفاع نے کہاکہ اگر طالبان نے کوئی مطالبات رکھے ہیں تو اس کا مجھے علم نہیں تاہم ہمارا واحد مطالبہ یہ ہےکہ ان کی سرزمین سے ہم پر حملہ نہ ہو۔

ان خبروں پر کہ ’افغان وفد کو ملا ہیبت اللہ نے ہدایت کی تھی کہ پاکستانی وفد کے دباؤ میں نہ آئیں اور جو آپ کے کنٹرول میں نہیں ہے اس پر کوئی وعدہ نہ کریں‘ خواجہ آصف نے کہاکہ اس کا مطلب ہےکہ طالبان کو معلوم ہے اور وہ بتارہے ہیں کہ ٹی ٹی پی ان کے قابو میں نہیں ہے تو ٹھیک ہے پھر ہم کو کرلینے دیں۔

 

 

Back to top button