پاک افغان کشیدگی،ترک صدرکاآئندہ ہفتے وفدپاکستان بھیجنےکاعلان

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے پاک افغان کشیدگی کے تناظر میں آئندہ ہفتے ایک اعلیٰ سطحی ترک وفد کو پاکستان بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔
ترک صدر کے مطابق وزیرِ خارجہ حکان فیدان، وزیرِ دفاع یشار گولر اور انٹیلی جنس چیف ابراہیم قالن اسلام آباد کا دورہ کریں گے، جہاں وہ افغانستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر بات چیت کریں گے۔
صدر اردوان نے یہ اعلان آذربائیجان سے واپسی کے دوران طیارے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ ترکیہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری اور سرحدی تنازعات کے حل کے لیے ثالثی کردار ادا کرتا رہے گا۔
ذرائع کے مطابق استنبول میں پاک–افغان مذاکرات جمعے کے روز کسی معاہدے کے بغیر ختم ہو گئے، کیونکہ دونوں فریق سرحد پار دہشت گردی کی نگرانی اور روک تھام کے طریقہ کار پر اتفاق رائے پیدا کرنے میں ناکام رہے۔
وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے تصدیق کی کہ مذاکرات فی الحال ختم ہو چکے ہیں اور اب ایک غیر معینہ مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں۔
ان کے مطابق افغان طالبان کا وفد کسی واضح ایجنڈے کے بغیر استنبول آیا اور تحریری معاہدے پر دستخط کرنے سے گریز کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ترک وفد کا آئندہ ہفتے اسلام آباد کا دورہ فریقین کے درمیان اعتماد کی بحالی اور سیکیورٹی تعاون کی بحالی کے لیے اہم پیش رفت سمجھا جا رہا ہے۔
