پاکستان اور آسٹریا کے دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں،شہبازشریف

وزیراعظم شہبازشریف کاکہناہے کہ پاکستان اور آسٹریا کے دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں اور دونوں ملکوں کے تعلقات دہائیوں پر محیط تاریخی حقائق پر مبنی ہیں۔
ویانا میں پاک آسٹریا بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا فورم میں شرکت سے پاکستان اور آسٹریا کے اقتصادی تعلقات میں نئے باب کا آغاز ہوگا۔پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع تر مواقع موجود ہیں، حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات اور تحفظ فراہم کرے گی۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع تر مواقع موجود ہیں اور حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات اور تحفظ فراہم کرے گی۔
شہباز شریف نے کہاکہ پاکستان میں توانائی، آئی ٹی اور زراعت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں جبکہ قابل تجدید توانائی اور کان کنی کے شعبے میں آسٹریا کا تعاون قابل تعریف ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بتایا کہ آسٹریا کے چانسلر کرسچن سٹاکر کے ساتھ ون آن ون اور وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے اور ان کے ساتھ بہت مثبت اور تعمیری گفتگو ہوئی۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کی آبادی کا 60 فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے اور ہماری نوجوان نسل بہت باصلاحیت ہے۔ حکومت نے آئی ٹی کے شعبے کی ترقی کیلئے متعدد اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر آئی ٹی کی تعلیم اور تربیت کیلئے کوشاں ہے۔ نوجوانوں کی ترقی کے لیے متعدد منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔
وزیراعظم نے کہاکہ غیر قانونی تارکین وطن کے مسئلے پر یورپی پارٹنرز کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔
قبل ازیں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے فورم کا انعقاد اہمیت کا حامل ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں معاشی سفارتکاری پر توجہ مرکوز ہے۔
