پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان معاہدے اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ آذربائیجان کے دوران پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تیل و گیس سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کےلیے متعدد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔اس موقع پر آذربائیجان کے صدر کا کہنا تھاکہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو ظاہر کرتے ہیں،ہم تمام بین الاقوامی معاملات میں ایک دوسرے کا تعاون جاری رکھیں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کا آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملاقات کےلیے زوولبا صدارتی محل آمد پر پرتپاک استقبال کیاگیا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کی صدارتی محل آمد پر ان کے اعزاز میں پروقار استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی۔
آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے صدارتی محل کے مرکزی دروازے پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا خیرمقدم کیا، دونوں رہنماؤں نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا،وزیر اعظم کو آذربائیجان کی مسلح افواج کےدستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائےگئے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی آذربائیجان کے صدارتی محل آمد پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر آذربائیجان کی اسٹیٹ آئل کمپنی اور پاکستان ریفائنری لمیٹڈ کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے گئے۔
اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہاکہ آذربائیجان کےدورے کی دعوت اور میزبانی پر صدر الہام علیوف کا شکر گزار ہوں، باکو بہت خوبصورت ہے،اس شہر کی طرز پر آذربائیجان کےتعاون سے اسلام آباد کو بھی خوبصورت شہر بنائیں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہاکہ آج ہماری ملاقات اور گفتگو دونوں ممالک کے درمیان گہرے تعلقات کو ظاہر کرتی ہے، آذربائیجان کےصدر کے ساتھ تعمیری مذاکرات ہوئے،پاکستان میں آذربائیجان سے دوستی کےمعاملے پر تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان اتفاق پایا جاتا ہے۔
وزیراعظم کاکہنا تھاکہ پاکستان میں 2 بلین ڈالرز کی سرمایہ کاری کے اعلان پر میں آپ کا مشکور ہوں،ہم آپ کے اپریل میں دوبارہ اسلام آباد آکر 2 بلین ڈالرز کے ان معاہدوں پر دستخط کرنے کےمنتظر ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان نے ہمیشہ کاراباخ کےمعاملے پر آذربائیجان کے موقف کی حمایت کی ہےاور آذربائیجان نے کشمیر کے تنازعے پر پاکستان کو سپورٹ کیاہے جس کو پاکستان کے شہری قدر کی نگاہ سے دیکھتےہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہاکہ غزہ کے لوگ مستقل جنگ بندی چاہتےہیں،دو ریاستی حل پر پوری دنیا کا اتفاق ہے،میں سمجھتا ہوں کہ فلسطینی ریاست کا خواب حقیقت بن جائےگا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ مفاہمتی یاد داشتوں پر دستخط دونوں ممالک کی کاوشوں عملی جامہ پہنانے کےلیے مفید ثابت ہو گا۔
آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے اس موقع پر کہاکہ گزشتہ سال میں نے پاکستان کا دورہ کیا اور وزیر اعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کا دورہ کیاتھا اور اب دوبارہ تشریف لائےہیں، آذربائیجان کےدورے کی میری دعوت قبول کرنےپر میں ان کا شکر گزار ہوں۔
صدر آذربائیجان کا کہنا تھاکہ یہ دورے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو ظاہر کرتےہیں،ہم تمام بین الاقوامی معاملات میں ایک دوسرے کا تعاون جاری رکھیں گے، اس موقع پر ہم نے مشترکہ دفاعی پیداوار کے مواقعوں پر بھی گفتگو کی اور ہمیں معلوم ہے کہ پاکستان کی دفاعی صنعت بہت ترقی یافتہ ہے، پاکستان سے جو دفاعی مصنوعات ہم نےخریدی ہیں ان سے ہم بہت مطمئن ہیں۔
پاک آذربائیجان تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گے : وزیر اعظم شہباز شریف
اس تقریب میں دونوں ممالک کے درمیان ایل این جی کی خریدو فروخت کے فریم ورک ورک معاہدےمیں ترمیمی معاہدہ طے پایا جب کہ اسٹیٹ آئل کمپنی آذربائیجان اور پاکستان کے ایف ڈبلیو او کےدرمیان مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیا گیا۔