پاکستان اور چین کا سٹریٹجک تعاون کو فروغ دینے کا فیصلہ

مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورت حال پر پاکستان اور چین کا سٹریٹجک تعاون کو مزید فروغ دینے کا فیصلہ۔
چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ چین اور پاکستان ہرحال میں سٹریٹجک شراکت دار ہیں اور دونوں ممالک بین الاقوامی و علاقائی مسائل پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کےمطابق پاکستان اور چین کے وزرائے خارجہ ایران کے معاملے پر سٹریٹجک تعاون کو مزید فروغ دیں گے اور خطے میں قیام امن کےلیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔خطے میں کشیدگی کم کرنے کےلیے چین تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔
ترجمان نے تصدیق کی کہ مشرق وسطیٰ کی حالیہ کشیدہ صورت حال کے باوجود تین چینی جہاز آبنائے ہرمز سے بحفاظت گزرے،جس پر متعلقہ فریقوں کے تعاون پر شکریہ ادا کیا گیا،چین نے جنگ کے دوران تاریخی مقامات کو پہنچنےوالے نقصان پر افسوس کا اظہار کرتےہوئے مطالبہ کیاکہ فریقین،خصوصاً امریکا اور اسرائیل فوری طور پر فوجی کارروائیاں بند کریں اور کشیدگی میں اضافے سے گریز کریں۔
یاد رہے وزیر خارجہ اسحاق ڈار چینی وزیر خارجہ کی دعوت پر چین کے دورے پر ہیں جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان علاقائی صورت حال،دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے عالمی امور پر بات چیت ہوگی۔
