پاکستان اور مصر کا سیاسی، معاشی اور دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور مصر نے سیاسی، معاشی، دفاعی، ثقافتی اور عوامی روابط کے مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کر لیا ہے۔
نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے مصری ہم منصب ڈاکٹر بدر احمد محمد عبدالعاطی کے ساتھ مشترکہ نیوز کانفرنس میں بتایا کہ ملاقات میں بزنس ٹو بزنس روابط کو فروغ دینے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ پاکستان جلد مصر کو 500 بزنس ہاؤسز کی فہرست فراہم کرے گا، جنہیں دوطرفہ تجارت بڑھانے کے لیے ہر ممکن سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور مصر کے درمیان معاشی، دفاعی اور دیگر شعبوں میں تعاون میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصر کے وزیر خارجہ کا دورہ دونوں ممالک کے مشترکہ اہداف کے حصول میں مددگار ثابت ہوگا۔ ان کے مطابق پاکستان اور مصر کے درمیان دیرینہ شراکت داری اور برادرانہ تعلقات موجود ہیں، اور تجارت، سکیورٹی اور دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا دونوں ممالک کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
مصری وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر احمد محمد عبدالعاطی نے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کے حصول میں پاکستان نے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مصر غزہ کی تعمیر نو میں پاکستان کے تعاون کا خواہاں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مصر شدت پسندی اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، اور حالیہ دہشت گرد حملوں میں جانی نقصان پر پاکستانی حکومت اور عوام سے افسوس کا اظہار کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملک مشترکہ چیلنجز سے مل کر نمٹنے کے لیے پرعزم ہیں اور مصر پاکستان کے ساتھ تعلقات مزید مستحکم دیکھنا چاہتا ہے۔
