پاکستان اور اسلامی ترقیاتی بینک کے درمیان 603 ملین ڈالر کے معاہدے

پاکستان اور اسلامی ترقیاتی بینک کے درمیان 603 ملین ڈالر مالیت کے تین معاہدوں پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔
اقتصادی امور ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ سرکاری اعلامیے کے مطابق یہ معاہدے اسلام آباد میں ہونے والے اعلیٰ سطح کے مذاکرات کے بعد باضابطہ طور پر طے پائے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اسلامی ترقیاتی بینک (آئی ایس ڈی بی) پاکستان کو تقریباً 603 ملین ڈالر کے تین قرضے فراہم کرے گا، جن میں موٹروے کے ایک حصے کی تعمیر اور سماجی شعبے کے دو اہم منصوبے شامل ہیں۔
یہ قرضے ایم-6 سکھر–حیدرآباد موٹروے منصوبے، انتہائی غریب اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے لیے غربت سے نجات کے منصوبے (پی جی ای پی) کے لیے استعمال کیے جائیں گے، جو منتخب انتہائی پسماندہ اضلاع اور سیلاب زدہ علاقوں میں نافذ کیا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق ان فنڈز کا ایک حصہ آزاد جموں و کشمیر میں اسکول سے باہر بچوں کے منصوبے کی مالی معاونت کے لیے بھی استعمال کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ اسلامی ترقیاتی بینک کی جانب سے کموڈٹی فنانسنگ کے تحت 700 ملین ڈالر کی قلیل مدتی مالی معاونت کے ایک اور معاہدے میں سے رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران اب تک 383.78 ملین ڈالر جاری کیے جا چکے ہیں۔
