پاکستان اور کرغزستان کا کرپٹو، بلاک چین میں اشتراک بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور کرغزستان نے کرپٹو کرنسی، بلاک چین ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل فنانس کے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ پیش رفت وزیرِ مملکت برائے کرپٹو اور بلاک چین بلال بن ثاقب اور کرغزستان نیشنل انویسٹمنٹ ایجنسی کے ڈائریکٹر فرخت امینوو کے درمیان ہونے والی ایک اعلیٰ سطحی ویڈیو کانفرنس کے دوران سامنے آئی۔
ویڈیو کانفرنس میں کرپٹو اثاثوں، بلاک چین ایپلیکیشنز اور جدید مالیاتی نظام کے مستقبل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
کرغزستان نے معلومات، تجربات اور بہترین پالیسی ماڈلز کے تبادلے پر زور دیا، جبکہ دونوں فریقین نے ورچوئل اثاثوں کی ترقی کے لیے ایک اسٹریٹجک اور ہم آہنگ فریم ورک کی تشکیل پر آمادگی ظاہر کی۔
دونوں ممالک نے کرپٹو شعبے میں باقاعدہ شراکت داری کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کی تجویز بھی دی، جس کا مقصد باہمی تعاون کو قانونی اور ادارہ جاتی بنیاد فراہم کرنا ہے۔
چینی بحران: حکومت نے شوگر ملز کا ذخیرہ تحویل میں لے لیا
بلال بن ثاقب نے اس موقع پر کہا کہ کرغزستان ڈیجیٹل اثاثوں میں جدت اور ریگولیٹری فریم ورک کے حوالے سے ایک اہم شراکت دار ہے۔
انہوں نے کہا کہ وسطی اور جنوبی ایشیا میں بلاک چین ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل فنانس کا فروغ نہ صرف خطے کی معیشت کو جدید خطوط پر استوار کرے گا بلکہ ٹیکنالوجی کے میدان میں نئے در وا کرے گا۔
دونوں ممالک نے محفوظ، شفاف اور جدید ڈیجیٹل معیشت کے قیام کے لیے باہمی تعاون کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
