پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان 20 ملین یورو کامعاہدہ

پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان "بہتر طرزِ حکمرانی اور کاروباری ماحول” کے پروگرام کے تحت 20 ملین یورو کی گرانٹ کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔

وفاقی وزارت اقتصادی امور کے مطابق اس معاہدے کا مقصد پاکستان میں بہتر طرز حکمرانی، اقتصادی ترقی، اور کاروباری ماحول کو فروغ دینا ہے، جو دونوں فریقین کے درمیان پائیدار اور جامع ترقی کے مشترکہ عزم کا مظہر ہے۔

معاہدے پر دستخط یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا اور سیکریٹری اقتصادی امور ڈاکٹر کاظم نیاز نے کیے۔ یہ پروگرام یورپی یونین کے طویل مدتی اشارتی پروگرام 2021-2027 کے تحت مالی معاونت حاصل کرے گا۔

یورپی یونین کے اس اقدام کا مرکزی ہدف نجی شعبے بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (SMEs) کو تقویت دینا ہے، جن میں خواتین کی زیر قیادت یا خواتین کو فائدہ پہنچانے والے کاروبار بھی شامل ہیں۔

منصوبے کے تحت ایس ایم ایز سے متعلق قانون سازی کو مضبوط کیا جائے گا، برآمدی صنعتوں کو گرین اکانومی کی طرف منتقلی میں سہولت دی جائے گی، سرمایہ کاری کو فروغ دیا جائے گا، اور نجی و سرکاری شعبے کے درمیان مکالمے کو وسعت دی جائے گی۔

وزارت اقتصادی امور کے مطابق، یہ پروگرام یورپی یونین کی گلوبل گیٹ وے اسٹریٹجی، جی ایس پی پلس وعدوں اور گرین ڈیل کے اہداف سے ہم آہنگ ہے، اور پائیدار سرمایہ کاری کے فروغ اور مضبوط سپلائی چینز کے قیام میں اہم کردار ادا کرے گا۔

Back to top button