پاکستان اور امریکا کا کاؤنٹر ٹیرارزم ڈائیلاگ کرانے پر اتفاق

پاکستان اور امریکا نے رواں برس جون میں کاؤنٹر ٹیرارزم ڈائیلاگ کرانے پر اتفاق کیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکا کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر نے ملاقات کی ہے، قائم مقام امریکی سفیر نے جعفر ایکسپریس اور دیگر دہشتگردانہ حملوں کی مذمت کی، اور شہدا کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا۔
قائم مقام امریکی سفیر نے کہاکہ پاکستان میں دہشتگردی کے حالیہ واقعات میں جاں بحق افراد کے خاندانوں سے دلی ہمدردی ہے۔ملاقات میں پاکستان امریکہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور سمیت دو طرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ دہشت گردی کے خلاف باہمی اشتراک کار بڑھانے کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی، اور رواں سال جون میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈائیلاگ کرانے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، امریکا کےپولیٹیکل قونصلر زیک ہارکن رائیڈر اور وفاقی سیکریٹری داخلہ خرم آغا بھی اس موقع پر موجود تھے۔
قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے طلال چوہدری کو وزیر مملکت داخلہ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہاکہ دہشتگردی ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے، اس سے نمٹنے کے لیے عالمی براداری کو مل کر کام کرنا ہوگا، حکومت پاکستان دہشتگردوں کے خلاف بھرپور کارروائی کررہی ہے۔دہشتگردی کے خلاف جنگ کے ضمن میں ہمہ جہتی پالیسی تیار کی جا رہی ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشکور ہیں کہ انہوں دہشتگردی کی خلاف جنگ میں پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔
وزیر داخلہ نے کہاکہ امریکا میں غیر قانونی طور پر مقیم پاکستانیوں کی ملک واپسی میں ہر ممکن تعاون کریں گے، پاک امریکا کاکس کا اجلاس 30 اپریل کو نیو یارک میں منعقد کیا جائےگا۔
اس موقع پر طلال چوہدری نے کہاکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔
امریکی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر نے اسلام آباد میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تعریف کی۔