سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان کے 15 رکنی سکواڈکا اعلان

سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس کی قیادت سلمان علی آغا کریں گے۔
اسکواڈ میں وکٹ کیپر بلے باز خواجہ نافع کو پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ شاداب خان نے کندھے کی سرجری کے بعد ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں واپسی کی ہے۔ تاہم بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف اس اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے منتخب اسکواڈ میں کپتان سلمان علی آغا کے علاوہ عبدالصمد، ابرار احمد، فہیم اشرف، فخر زمان، خواجہ محمد نافع اور محمد نواز شامل ہیں۔
اس کے علاوہ محمد سلمان مرزا، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، شاداب خان، عثمان خان اور عثمان طارق کو بھی اسکواڈ میں جگہ دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ قومی ٹیم 4 اور 5 جنوری 2026 کو مرحلہ وار سری لنکا روانہ ہوگی، جبکہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز 7، 9 اور 11 جنوری کو دمبولا میں کھیلے جائیں گے۔ یہ سیریز آئندہ ورلڈ کپ کے لیے اسکواڈ کے انتخاب میں اہم کردار ادا کرے گی۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیم مینجمنٹ کا بھی اعلان کر دیا ہے۔ نوید اکرم چیمہ سیریز کے دوران ٹیم منیجر کے فرائض انجام دیں گے۔ مائیک ہیسن وائٹ بال کے ہیڈ کوچ، ایشلے نوفکی بولنگ کوچ، محمد حنیف ملک بیٹنگ کوچ اور شین مکڈرموٹ فیلڈنگ کوچ ہوں گے۔
اس کے علاوہ کلف ڈیکن فزیوتھراپسٹ، گرانٹ لوڈن اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ، طلحہٰ اعجاز ٹیم اینالسٹ جبکہ سید نعیم احمد میڈیا منیجر ہوں گے۔
