پاکستان کا ٹی20ورلڈکپ میں شرکت کرنے اور بھارت کیخلاف میچ نہ کھیلنے کا اعلان

پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت کرنے اور بھارت کیخلاف میچ نہ کھیلنے کا اعلان کردیا۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اہم ملاقات کی، جس میں ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت کے معاملے پر مشاورت کی گئی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹی20ورلڈ کپ میں شرکت کی منظوری دیدی ۔تاہم ٹیم بھارت سے میچ نہیں کھیلے گی۔

پاکستان کو ورلڈ کپ کے گروپ اے میں بھارت، نیدر لینڈ، امریکا اور نمیبیا کے ساتھ شامل کیا گیا ہے۔ پروگرام کے مطابق پاکستان کا پہلا میچ 7 فروری کو نیدرلینڈ کے خلاف شیڈول ہے جبکہ پاک بھارت بڑا مقابلہ 15 فروری کو کولمبو میں رکھا گیا ہے۔
واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے بنگلہ دیش کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر احتجاجاً بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سے قبل انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بنگلہ دیش کے تمام تر تحفظات مسترد کرتے ہوئے اسے ایونٹ سے باہر کرتے ہوئے اسکاٹ لینڈ کی ٹیم کو ٹی20 ورلڈ کپ میں شامل کرلیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انڈیا کے خلاف 15 فروری کو میچ نہ کھیلنے کے فیصلے کی کئی وجوہات ہیں جن میں بنگلہ دیش کے حوالے سے آئی سی سی کا جانبدارانہ فیصلہ مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔ حکومت پاکستان اس معاملے پر بنگلہ دیش کے ساتھ اظہار یکجہتی دکھانا چاہتی تھی لہذا پاکستانی ٹیم کو 15 فروری کو بطور احتجاج بھارت کے ساتھ میچ نہ کھیلنے کا کہا گیا ہے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ جے شاہ نے اپنے جانبدارانہ فیصلوں سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو انڈین کرکٹ کونسل بنا دیا ہے جس سے انصاف اور برابری کے اصول کی دھجیاں بکھر گئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کے پلیٹ فارم سے فیصلے کرتے وقت ایک ملک کے لیے ایک معیار اور دوسرے ملک کے لیے دوسرا معیار اپنایا جاتا ہے جو کہ جانبداری پر مبنی ہوتا ہے لہذا احتجاج رجسٹرڈ کروانا ضروری تھا۔
