پاکستان کافلسطینوں کیلئے100ٹن امدادی سامان بھیجنےکااعلان

حکومتِ پاکستان نے فلسطینی عوام کے لیے فوری امدادی پیکج کا اعلان کر دیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی 100 ٹن امدادی سامان لے کر دو کارگو طیاروں کے ذریعے فلسطین روانہ کرے گی۔
این ڈی ایم اے کے مطابق امدادی پروازیں آئندہ دو روز میں روانہ ہوں گی، جبکہ یہ سامان اردن اور مصر کے راستے فلسطینی علاقوں تک پہنچایا جائے گا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار امدادی سامان کی روانگی اور ترسیل کی نگرانی کریں گے، جبکہ اردن اور مصر میں موجود پاکستانی سفارت کار اس امداد کو فلسطینی عوام تک پہنچانے کے عمل کی نگرانی کریں گے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پاکستانی عوام اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی اور غیر متزلزل حمایت کا اظہار کرتے ہیں۔
