پاکستان کا یو اے ای کی درخواست پر گندم مصنوعات برآمد کرنے کا فیصلہ

پاکستان نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی درخواست پر گندم مصنوعات برآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پہلے مرحلے میں یو اے ای کو آٹا، میدہ، سوجی اور دیگر گندم سے بنی مصنوعات فراہم کی جائیں گی۔
ایک ٹی وی نے حکومتی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ یو اے ای نے ایک لاکھ ٹن گندم مصنوعات کی خریداری کی درخواست کی ہے۔ برآمدات سے نہ صرف پاکستان کی فلارمل انڈسٹری کو فائدہ ہوگا بلکہ کسانوں کو بھی اقتصادی فائدہ حاصل ہوگا۔
اس کے علاوہ سری لنکا، چین سمیت کئی دیگر ممالک نے بھی پاکستان سے گندم مصنوعات خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ وفاقی حکومت کی زیر نگرانی فلارملز برآمدی عمل میں فعال حصہ لیں گی تاکہ معیار اور مقدار کی نگرانی کی جا سکے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ مریم نواز نے محکمہ فوڈ سیفٹی پنجاب کو ہدایت دی ہے کہ وہ گندم مصنوعات کی برآمدات میں اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔ نئے سال میں پاکستان میں گندم کی نئی فصل کی آمد کے ساتھ ملکی غذائی ضروریات سے زائد گندم (سرپلس) دستیاب ہوگی۔ پنجاب میں مقامی نئی فصل آئندہ ماہ مارکیٹ میں آنے کا امکان ہے، جس سے برآمدات کے لیے فراہمی میں اضافہ ہوگا۔
