معرکہ حق میں بھارتی اسٹریٹجک مفروضوں کو زمین بوس کر دیا،پاک فوج

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ "آپریشن بنیان مرصوص”میں بھارتی اسٹریٹجک مفروضوں کو ہمیشہ کے لیے زمین بوس کر دیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل احمد شریف نے جناح یونیورسٹی برائے خواتین کراچی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے طالبات کو "آپریشن بنیان مرصوص” میں دشمن کے ناپاک ارادوں کو نیست و نابود کرنے پر پاک افواج کی حکمت عملی اور قربانیوں سے آگاہ کیا۔
لیفٹننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ "آپریشن بنیان مرصوص”میں پاکستانی عوام بالخصوص طلبا و طالبات نے کلیدی کردار ادا کیا اور بھارتی اسٹریٹجک مفروضوں کو ہمیشہ کے لیے زمین بوس کر دیا۔کوئی شک نہیں کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، بلوچستان کے عوام پاکستان کے ساتھ مذہب، ثقافت اور روایات کے رشتوں میں بندھی ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ فتنہ الہندوستان کے مٹھی بھر دہشت گرد بلوچستان کے ساتھ رشتوں کو نقصان نہیں پہنچا سکتے۔
جناح ویمن یونیورسٹی کی انتظامیہ اور طالبات کی جانب سے پاک فوج کو جنگ میں کامیابی پر خراج تحسین پیش کیا گیا اور طالبات نے کہا کہ ہم پاک افواج سے ہیں اور پاک افواج عوام سے ہیں۔
طالبات کا کہنا تھا کہ عوام اور افواج کا رشتہ ہمیشہ سے انتہائی مضبوط تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا، طالبات نے بھرپور جوش و جذبے کا مظاہرہ کیا اور اس طرح کے مزید سیشنز منعقد کرنے کی خواہش ظاہر کی۔
