پاک فوج کابھارتی آرمی چیف کے من گھڑت بیان پر منہ توڑ جواب

پاک فوج کابھارتی آرمی چیف کے من گھڑت بیان پر منہ توڑ جواب ،بھارتی آرمی چیف کا پاکستان کو دہشتگردی کامرکز قرار دینا حقائق کے منافی ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہاکہ بھارتی آرمی چیف کےالزامات مردہ گھوڑےمیں جان ڈالنے کی کوشش ہے۔پاکستان پر ریاستی سرپرستی کا الزام دوغلی پالیسی کامنہ بولتا ثبوت ہے۔
آئی ایس پی آرنےمزید کہا کہ بھارتی الزامات مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم سے توجہ ہٹانےکی کوشش ہے، بھارتی آرمی چیف مقبوضہ کشمیر میں بدترین ظلم و ستم کا مظاہرہ کرچکے ہیں۔
دریں اثنا دفترخارجہ نےبھی بھارتی وزیر دفاع اورچیف آف آرمی اسٹاف کے بے بنیاد دعووں کو مستردکردیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نےایک بیان میں واضح کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر ایک بین الاقوامی طور پرتسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے،اس کی حتمی حیثیت کا تعین اقوام متحدہ سلامتی کونسل قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق کیا جانا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ13 اور14 جنوری کو بھارتی وزیر دفاع اور آرمی چیف کے بے بنیاد الزامات اور بے بنیاددعووں کوسختی سےمسترد کرتے ہیں، جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے، اس کی حتمی حیثیت کا تعین اقوام متحدہ سلامتی کونسل قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق کیا جانا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت کے پاس آزاد جموں کشمیر اور گلگت بلتستان کے علاقوں پر فرضی دعوے کرنے کی کوئی قانونی یا اخلاقی بنیاد نہیں ہے، بھارتی قیادت کی بیان بازی سے عالمی توجہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے نہیں ہٹائی جا سکتی۔
واضح رہے کہ بھارتی آرمی چیف جنرل اوپیندر دویدی نے مقبوضہ کشمیر میں اپنی فوج کی ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پرڈالتےہوئےکشمیری مزاحمتی جنگجوؤں کی پشت پناہی کاجھوٹا الزام عائد کیا تھا۔
نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران جنرل اوپیندردویدی نے دعویٰ کیا تھا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے،ساتھ ہی انہوں نےخطے میں بھارتی فوج کی بڑی تعداد کی موجودگی کا جواز بھی پیش کیا تھا۔
