پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو تیسرے ٹی 20 میں شکست دے کر سیریز جیت لی

3 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے فیصلہ کن میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 14 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی۔
امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر لاؤڈر ہل میں کھیلے گئے تیسرے اور فیصلہ کن ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنائے۔ 190 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 6 وکٹوں پر 176 رنز تک محدود رہی۔
آخری اور فیصلہ کن میچ کے لیے پاکستان کی پلیئنگ الیون میں دو تبدیلیاں کی گئیں۔ شاہین شاہ آفریدی کی جگہ حارث رؤف جب کہ فخر زمان کی جگہ خوشدل شاہ کو شامل کیا گیا۔
پاکستان کی جانب سے صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان نے شاندار نصف سنچریاں اسکور کیں۔ صائم ایوب نے 66 جبکہ صاحبزادہ فرحان نے 74 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں حسن نواز 15 اور محمد حارث 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، جب کہ خوشدل شاہ 11 اور فہیم اشرف 10 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر، روسٹن چیز اور شمار جوزف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
یاد رہے کہ تین میچوں پر مشتمل اس سیریز میں پہلے میچ میں پاکستان اور دوسرے میں ویسٹ انڈیز نے کامیابی حاصل کی تھی۔
