پاک چین دوستی کو مزیدوسعت دینے کیلئےپرعزم ہیں، جنرل ساحر شمشاد مرزا

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہاہے کہ پاکستان اور چین دوستی کے منفرد رشتے کو ہر شعبے میں مزید مضبوط اور وسعت دینے کے لیے پُرعزم ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ساحر شمشاد مرزا نے پیپلز لبریشن آرمی کے 98ویں یوم تاسیس کے موقع پر منعقدہ یادگاری تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا ہے کہ چین خطے کی سیکیورٹی صورتحال میں استحکام کا ضامن ہے اور پاکستان چین کے ساتھ اپنی دیرینہ شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے لیے پُرعزم ہے۔
تقریب میں سول و عسکری حکام، میڈیا نمائندگان، کاروباری شخصیات اور سول سوسائٹی کے افراد کی بڑی تعداد شریک ہوئی، جو پاک چین دوستی کے لیے وسیع حمایت کی علامت ہے۔
جنرل شمشاد مرزا نے چین کی قیادت، عوام اور پیپلز لبریشن آرمی کے افسران و جوانوں کو دلی مبارکباد پیش کی اور صدر شی جن پنگ کی قیادت کو بصیرت افروز قرار دیتے ہوئے چین کی ترقی و جدیدیت میں PLA کے کلیدی کردار کی تعریف کی۔
اپنے خطاب میں انہوں نے پاکستان اور چین کے درمیان فولادی، آزمودہ اور دیرینہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک اس دوستی کو ہر شعبے میں مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے پاکستان میں کام کرنے والے چینی شہریوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے قومی عزم کو دہرایا اور کہا کہ سی پیک، دفاعی تعاون اور علاقائی ترقی کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری رہیں گی۔
