پاکستان اور چین کی دوستی ناقابلِ شکست ہے،فیلڈمارشل

چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی ناقابلِ شکست ہے، جو ہر آزمائش میں سرخرو ہوئی ہے، اور بدلتے عالمی حالات کے باوجود یہ تعلق مضبوط تر ہوا ہے۔
چین کی پیپلز لبریشن آرمی پی ایل اے کے98ویں یومِ تاسیس کے موقع پر جی ایچ کیو میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں چینی سفیر جیانگ زائیڈونگ مہمانِ خصوصی تھے۔
تقریب میں چین کے دفاعی اتاشی میجر جنرل وانگ زونگ، چینی سفارتخانے کے دیگر افسران، اور پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے چینی مہمانوں کو یومِ تاسیس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ چین کی دفاعی، سیکیورٹی اور ترقیاتی کامیابیوں میں پی ایل اے کا کردار لائقِ تحسین ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں افواج کے درمیان برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بدلتی ہوئی اسٹریٹجک صورتحال کے باوجود پاک-چین رشتہ نہ صرف قائم ہے بلکہ مزید مستحکم ہو رہا ہے، اور یہ دوستی مشترکہ اسٹریٹجک مفادات کا تحفظ بھی یقینی بناتی ہے۔
تقریب سے خطاب میں چینی سفیر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے کردار کو مثالی قرار دیا اور کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کو نہایت اہمیت دیتا ہے اور اس کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔
