سرمایہ کاری کےنئےدروازےکھولنےکیلئےپاکستان ایران پرعزم ہیں،اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران تجارتی روابط کو وسعت دینے اور سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھولنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
پاکستان-ایران بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک تاریخی، مذہبی اور ثقافتی رشتوں میں جڑے ہوئے برادر اسلامی ممالک ہیں، اور اب وقت آ گیا ہے کہ ان دیرینہ تعلقات کو معاشی شراکت داری میں بدل دیا جائے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور ایران نے دو طرفہ تجارت کا حجم 10 ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ وزیر خارجہ نے تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کو اولین ترجیح قرار دیا تاکہ کاروباری برادری کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔
اسحاق ڈار نے زور دیا کہ دوطرفہ تجارت میں موجود مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے تاکہ دونوں ممالک کی معیشتیں مستحکم ہوں اور عوام کو براہ راست فائدہ پہنچے۔
انہوں نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ پاکستان اور ایران علاقائی تنظیموں جیسے شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) اور اکنامک کوآپریشن آرگنائزیشن (ECO) میں باہمی ہم آہنگی رکھتے ہیں، جو خطے میں ترقی اور تعاون کے لیے ایک مثبت علامت ہے۔
وزیر خارجہ نے بتایا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تین اہم تجارتی معاہدے طے پا چکے ہیں، اور پاکستان سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول اور تمام ممکنہ سہولیات کی فراہمی کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معاشی اشاریے بہتری کی طرف گامزن ہیں اور حکومت سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے پرکشش مواقع پیدا کر رہی ہے۔
