پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے : دفتر خارجہ

امریکا کی جانب سے کالعدم لشکر طیبہ کی مبینہ ذیلی تنظیم کے خلاف پابندی لگائے جانے پر دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے، زیرو ٹالرنس اور دہشت گردی کے خلاف بین الاقوامی تعاون ہماری پالیسی کی بنیاد ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا کہ پاکستان طویل عرصے سے انسداد دہشت گردی کی جنگ میں صفِ اول کا کردار ادا کر رہا ہے،اور ایبی گیٹ دھماکے کے ماسٹر مائنڈ شریف اللہ کی گرفتاری سمیت ہماری کوششیں عالمی امن و سلامتی کے لیے واضح ثبوت ہیں۔

اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں پیش آنے والے واقعے کی تحقیقات تاحال کسی نتیجے تک نہیں پہنچ سکیں۔

دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کالعدم تنظیم لشکرِ طیبہ سے کوئی تعلق موجود نہیں، اور ایسا دعویٰ زمینی حقائق کے برخلاف ہے۔ پاکستان نے کالعدم تنظیموں کے خلاف مؤثر اور جامع اقدامات کیے، ان کی اعلیٰ قیادت کو گرفتار کر کے عدالتوں میں پیش کیا گیا، اور ان کے تنظیمی ڈھانچے کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا۔

ترجمان نے کہا کہ زیرِ بحث معاملہ امریکا کے داخلی قانونی دائرہ کار سے متعلق ہے، جب کہ بھارت کے پاس پاکستان مخالف پروپیگنڈے کےلیے ایسے معاملات کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی ایک طویل تاریخ ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر اور دیگر علاقوں میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، غیر ذمہ دارانہ اور جارحانہ رویے سے عالمی توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔

پہلگام حملے کا ذمہ دار گروہ عالمی دہشتگرد ہے ، امریکا3

دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان انسداد دہشت گردی کےلیے اپنی بے مثال قربانیوں اور پائیدار اقدامات کے ساتھ اپنی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔ عالمی برادری پر زور دیا گیا کہ وہ دہشت گردی جیسے عالمی خطرے سے نمٹنے کےلیے غیر جانبدار، معروضی اور مساوی پالیسیوں کو اپنائے۔ اس ضمن میں مجید بریگیڈ جیسی تنظیموں کو کالعدم بی ایل اے کے اتحادی کے طور پر دیکھنا بھی ناگزیر ہے۔

Back to top button