پاکستان انٹیلی جنس بنیادوں پر افغانستان میں عسکریت پسندوں کیخلاف کارروائیاں کررہا ہے، عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان میں عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں کے خلاف درست انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائیاں کر رہا ہے۔

غیر ملکی جریدوں سے گفتگو میں انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے افغانستان میں کسی شہری علاقے کو نشانہ نہیں بنایا، بلکہ صرف دہشت گردوں کے بنیادی ڈھانچے اور معاون نظام کو ہدف بنایا جا رہا ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ افغان طالبان حکومت کے اعداد و شمار خیالی ہیں اور ان پر کوئی سنجیدہ تبصرہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے افغان وزارت دفاع کے پاکستان مخالف دعوؤں کو بھی محض پراپیگینڈا قرار دیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے افغان طالبان اور اقوام متحدہ کے دعوؤں کو بھی مسترد کیا کہ افغان شہری ہلاک ہوئے ہیں، اور کہا کہ اقوام متحدہ کی معلومات کا مکمل انحصار طالبان حکومت پر ہے۔

ڈی آئی خان: سی ٹی ڈی کی کارروائی میں 4 دہشت گرد ہلاک،11 فرار

انہوں نے مزید کہا کہ افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی مشترکہ حملے اس بات کی تصدیق ہیں کہ افغان طالبان حکومت اور افغانستان کی سرزمین سے سرگرم دہشت گرد تنظیموں کے درمیان گٹھ جوڑ موجود ہے۔

عطا تارڑ نے واضح کیا کہ تمام حملوں کا فوری اور مؤثر جواب دیا گیا، اور پاکستان نے دہشت گردوں اور ان کے معاونین، بشمول افغان طالبان کے فوجی اڈوں کو درست طریقے سے نشانہ بنایا۔

Back to top button