دہشت گردی کےخاتمے کیلئےافواج کے شانہ بشانہ ہیں،صدر،وزیراعظم کا یوم پاکستان پر پیغام

صدرمملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے یوم پاکستان پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاک فوج کے شانہ بشانہ ہیں۔
یوم پاکستان کےموقع پر صدرمملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے قوم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے افواج پاکستان کی قربانیوں کوخراج تحسین پیش کیا۔
اپنے پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ اس وقت ملک کو سیاسی، معاشی اور سکیورٹی کے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، بہادر مسلح افواج مادرِوطن کےدفاع میں بڑی قربانیاں دے رہی ہیں۔انہوں نےکہا کہ اپنی خودمختاری اورجغرافیائی سالمیت کےدفاع کیلئے ثابت قدم رہیں گے، ہر پاکستانی اپنے اختلافات سے بالاتر ہو کر،تقسیم اور منفی رجحانات کو مسترد کرے۔
صدر نے یوم پاکستان پریڈ کی مرکزی تقریب سے خطاب میں یہ بھی کہا کہ ہمیں ایک ایسا پاکستان بنانا ہے جو طاقتور اور ترقی یافتہ ہو، شاندار پریڈ کےانعقاد پر مبارکباد پیش کرتاہوں، فتنہ الخوارج، دہشت تنظیموں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں گے، دہشت گردی کے ناسور کےخاتمےکےلیےقوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہے۔صدر مملکت نےکہا کہ ففتھ جنریشن وار فیئر ایک اہم چیلنج ہے، ہم باحوصلہ قوم ہیں، چیلنجز پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، مادروطن کےتحفظ کیلئےکسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، ہم نے بیرونی اور اندرونی دہشت گردی کا منہ توڑ مقابلہ کیا، بھارت ہمیشہ پاکستان کومیلی آنکھ سے دیکھتاہے۔انہوں نے مزید ہمارےسامنے سفر آسان نہیں ، لیکن ناممکن بھی نہیں،سب سے اپیل کرتا ہوں تمام تر توانائیاں ملکی ترقی کے لیے وقف کریں، اختلافات سےبالا تر ہوکر خوشحال اور پُر امن پاکستان کے لیے کام کرنا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہاکہ ایک برس میں ہم نے پاکستان کی معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کیا، افراط زر کی شرح میں مسلسل کمی،سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ۔
یوم پاکستان : مینارپاکستان مختلف رنگوں کی روشنیوں سے جگمگا اٹھا
شہبازشریف نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے اور ریٹنگ ایجنسیاں اس تبدیلی کی معترف ہیں، درست پالیسیوں، نیک نیتی اور قومی اتحاد سےہم معاشی خوشحالی حاصل کر سکتے ہیں۔وطن کی حفاظت میں جانیں نچھاور کرنے والے شہداء کو بھی سلام ہے، یوم پاکستان پر اتحاد، ایمان اورنظم و ضبط کے اصولوں کویاد رکھنا چاہیے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب اوروزیر اعلیٰ کے پی کا یوم پاکستان پر پیغام
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی قوم کویوم پاکستان کی مبارکباد دیتے ہوئےکہا کہ آج کے دن غربت میں کمی، مساوات اور کمزو رطبقات کے تحفظ کاعہد کرتے ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نےکہاکہ آج کا دن تقاضا کرتا ہے کہ ہم ملک کی بقا اور سلامتی کیلئے کردار ادا کریں، سب کو پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نےبھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ مربوط پالیسی اصلاحات کے ذریعے پاکستان کو مضبوط معیشت بنائیں گے،پاکستان میں خوشحالی نئے دور کا آغاز جلد ہوگا۔