نیشنز کپ ہاکی ٹورنامنٹ فائنل، پاکستان کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست

نیشنز کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں نیوزی لینڈ کی ہاکی ٹیم نے پاکستان کو شکست دے کر مسلسل دوسری بار ٹرافی اپنے نام کرلی۔

ملائیشیا میں کھیلے جانے والے ایف آئی ایچ نیشنز ہاکی کپ کے فائنل میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 2 کے مقابلے میں 6 گولز سے شکست دی،پاکستان کی جانب سے زکریا حیات اور سفیان خان نے گول اسکور کیے۔

فائنل میچ میں قومی ٹیم کی حوصلہ افزائی کےلیے پاکستانی شائقین بھی اسٹیڈیم میں موجود تھے۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ نے دوسرے سیمی فائنل میں کوریا کو شوٹ آؤٹ میں شکست دےکر فائنل تک رسائی حاصل کی تھی جب کہ قومی ہاکی ٹیم سیمی فائنل میں فرانس کو شکست دےکر فائنل میں پہنچی تھی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کا کہنا تھا کہ پاکستان نے نیشنز کپ کے فائنل میں بہادری سے مقابلہ کیا، لیکن نیوزی لینڈ نے 2 کے مقابلے میں 6 گول سے کامیابی حاصل کر لی۔

سیمی فائنل میں فرانس کے خلاف فتح نہ صرف پاکستان کی مسلسل دوسری بار نیشنز کپ کے فائنل میں رسائی کا باعث بنی بلکہ پہلی بار ایف آئی ایچ مینز پرو لیگ میں کوالیفائی کرنے کی امیدیں بھی برقرار رکھیں۔

میچ کے بہترین کھلاڑی رانا وحید نے کہا تھا کہ ہم اس فتح کے لیے بہت عرصے سے تیار تھے، ہم نے بھرپور کوشش کی، اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں، ہم اپنی ٹیم پر واقعی فخر محسوس کر رہے ہیں اور اب فائنل کے منتظر ہیں۔

Back to top button