انڈر 19 سہ ملکی سیریز، پاکستان نے افغانستان کوشکست دیدی

زمبابوے میں جاری انڈر 19 سہ ملکی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے افغانستان کو ایک انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے دی۔
میچ کا فیصلہ آخری اوور میں ہوا، جہاں گرین شرٹس نے اعصاب شکن معرکے کے بعد کامیابی اپنے نام کی۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ افغان ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 226 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے عثمان خان نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
227رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم کی شروعات بہتر رہی۔ کپتان فرحان یوسف نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 65 رنز بنائے۔ ایک موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ پاکستان آسانی سے جیت جائے گا، لیکن پھر وقفے وقفے سے گرنے والی وکٹوں نے میچ کو دلچسپ بنا دیا۔
پاکستان کی حالت اس وقت نازک ہوگئی جب ٹیم کے 9 کھلاڑی محض 201 رنز پر آؤٹ ہو گئے۔ جیت کے لیے ابھی بھی 26 رنز درکار تھے اور صرف ایک وکٹ باقی تھی۔
ایسے میں حمزہ ظہور اور نقاب شفیق کے درمیان ہونے والی ناقابلِ یقین شراکت داری نے میچ کا پانسا پلٹ دیا۔ حمزہ ظہور نے 68 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی اور آخری اوور میں پاکستان کو فتح دلوا دی۔
