پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں فطری حقِ دفاع استعمال کیا، پاکستانی سفیر برائے یو این

اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان نے مئی 2025 میں بھارتی جارحیت کے جواب میں اقوامِ متحدہ کے منشور کے تحت اپنے فطری حقِ دفاع کا استعمال کیا۔

سلامتی کونسل کے مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ یو این منشور سے ہٹ کر یک طرفہ اقدامات اجتماعی سلامتی کے نظام کو کمزور کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی کوششیں کثیرالجہتی اداروں کی ساکھ کو نقصان پہنچاتی ہیں اور پاکستان خود بھی ایسی خلاف ورزیوں کا سامنا کر چکا ہے۔

پاکستانی مندوب نے کہا کہ مئی 2025 میں بھارت نے بلااشتعال عسکری جارحیت کی، جو بین الاقوامی قانون اور پاکستان کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ یو این منشور کے آرٹیکل 51 کے تحت پاکستان نے اپنے فطری حقِ دفاع کو بروئے کار لایا، اور جبر یا استثنیٰ کی بنیاد پر قائم کیا جانے والا کوئی بھی “نیا معمول” قابلِ قبول نہیں ہو سکتا۔

عاصم افتخار نے مزید کہا کہ سلامتی کونسل کو مؤثر میکینزم وضع کرنا چاہیے تاکہ اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کی منظم نگرانی یقینی بنائی جا سکے، جبکہ بین الاقوامی عدالتِ انصاف کے ساتھ بھی زیادہ مربوط رابطہ قائم کیا جانا چاہیے۔

Back to top button